شنیرا اکرم کی ساحل پر ہسپتالوں کے فضلے کی نشاندہی، انتظامیہ حرکت میں آگئی

Last Updated On 03 September,2019 08:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کی جانب سے کراچی کے ساحل پر ہسپتالوں کے فضلے کی نشاندہی پر انتظامیہ حرکت میں آگئی۔

متاثرہ مقام پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرکے لوگوں کو جانے سے روک دیا گیا جبکہ طبی ماہرین نے فضلے کی موجودگی کوخطرناک قرار دیکر اسے فوری ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کچرے کا مسئلہ حل ہونے کے بجائے مزید سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ساحل سمندر پر ہسپتالوں کے فضلے کی نشاندہی کردی۔

شنیرا اکرم نے صورتحال کو خطرناک قرار دیکر شہریوں کو ساحل سے دور رہنے کا مشورہ بھی دیدیا۔ معاملہ سامنے پر انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور متاثرہ مقام پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ہسپتال کا فضلہ کس نے یہاں پھینکا۔ انہوں نے فضلہ پھینکنے میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیدیا۔

سربراہ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر لوگوں کو متاثرہ مقام پر جانے سے روکے۔ ڈاکٹر سکندر میمن کے مطابق فضلے کو یہاں سے نہ ہٹایا گیا تو بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ سرنجز کو چھونے سے ایچ آئی وی ہو سکتا ہے۔