بدعنوان عناصر سے لوٹی رقم برآمد کرنا اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب

Last Updated On 02 September,2019 06:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ بدعنوان عناصر سے لوٹی رقم برآمد کرنا اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا جس میں قومی ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر سے لوٹی رقم برآمد کرنا اولین ترجیح ہے۔ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اکتوبر 2017ء سے اب تک 71 ارب روپے ریکور کیے۔ نیب بلوچستان ایک ارب جبکہ نیب خیبر پختونخوا نے 50 کروڑ روپے برآمد کیے۔

اس کے علاوہ نیب راولپنڈی نے 14 ارب قومی خزانےمیں جمع کرائے۔ نیب لاہور نے بدعنوان عناصر سے 31 ارب روپے وصول کیے جبکہ نیب سکھر نے 10 ارب روپے کی لوٹی گئی رقم برآمد کی۔