مودی سے کشمیر میں بڑی غلطی ہوئی، پاک فوج ہر لمحہ تیار ہے: شیخ رشید

Last Updated On 30 August,2019 03:11 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ مودی مسلمانوں کا قتل عام کرنا چاہتا ہے، مودی نے بہت بڑی غلطی کر دی، پاک فوج لمحہ بہ لمحہ تیار ہے۔ لال حویلی کا تعلق سری نگر کے لال چوک سے ہے۔

ملک بھر میں منائے جانے والے "کشمیر آور" کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مودی نے سمجھا شائد قوم سوئی ہوئی ہے، اس نے بہت بڑی غلطی کی۔ مودی کی بی جے پی نے پہلی غلطی ایٹمی دھماکہ کر کے کی۔ اس نے 5 ایٹمی دھماکے کئے جبکہ پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کئے۔

انھوں نے کہا کہ مودی نے دوسری بڑی غلطی کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے کر دی، اب پاک فوج لمحہ بہ لمحہ تیار ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ لال حویلی کا تعلق سری نگر کے لال چوک سے ہے۔