منچن آباد: حفاظتی بند ٹوٹنے سے 53 بستیاں متاثر، امدادی کارروائیاں جاری

Last Updated On 25 August,2019 02:55 pm

منچن آباد: (دنیا نیوز) منچن آباد کے قریب دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس کے سبب 53 بستیوں میں پانی داخل ہو گیا، پاک فوج اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

دریاوں میں پانی کی سطح بلند، کئی مقامات پر کٹاو، منچن آباد میں آبادیوں میں سیلابی پانی داخل ہونے کے بعد علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ قصور میں دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہو گئی جس سے کئی دیہاتوں میں دوبارہ پانی داخل ہوگیا، رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئیں۔ پاکپتن میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جس سے 71 بستیاں ڈوب گئیں، سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

ادھر اوچ شریف کے قریب دریائے ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہیڈ پنجند کے قریبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
نقصانات سے بچنے کیلئے علاقہ مکینوں نے مال مویشی سمیت نقل مکانی شروع کردی ہے۔ انتظامیہ صرف میڈیکل کیمپ لگانے تک محدود ہے۔