منی لانڈرنگ کیس: حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع

Last Updated On 03 August,2019 12:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دنوں کی توسیع کر دی اور انہیں منی لانڈرنگ کے الزامات میں تفتیش کیلئے دوبارہ نیب کی تحویل میں دے دیا۔

 نیب نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کی معیاد مکمل ہونے پر انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا۔ نیب کے وکیل نے بتایا کہ حمزہ شہباز کی مزید 2 کمپنیوں کا سراغ ملا ہے، اس لیے اس کی تفتیش کیلئے ان کا مزید ریمانڈ دیا جائے۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور اسے بلاجواز قرار دیا۔ وکیل نے استدعا کی نیب کی درخواست مسترد کی جائے۔ احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو 10 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

کمرہ عدالت میں سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال سمیت مسلم لیگ نون کے دیگر ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز سے ملاقات کی۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے بتایا کہ سینیٹ میں پارٹی منشا کیخلاف ووٹ دینے والے سینیٹرز کے معاملے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ہی فیصلہ کرے گی۔