ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کے بڑے مسائل ہیں، وزیراعظم

Last Updated On 02 August,2019 05:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں زلفی بخاری، اسد عمر، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے اور شہر کے مسائل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا، تعمیرات میں بے ہنگم اضافہ اور گرین ایریاز کی تلفی نے مسائل کو جنم دیا، گرین ایریاز کی کمی سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کے بڑے مسائل ہیں، ان پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ گرین ایریاز کے تحفظ اور تعمیرات کے لیے قوانین کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ نیا پاکستان منصوبے کے تحت کچی آبادیوں کے مکینوں کو رہائشی سہولتیں دینے پر کام جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد میں جاری شجرکاری مہم پر وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی۔