پاک امریکا تعلقات دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش ہے، وزیراعظم

Last Updated On 02 August,2019 03:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بہتر تعلقات علاقائی امن واستحکام میں معاون ثابت ہونگے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں دورہ امریکا کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت اہم حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے کامیاب دورہ امریکا پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوچ کو سراہا اور کہا کہ پاک امریکا تعلقات اور علاقائی امن سے متعلق ان کی سوچ قابل ستائش ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک امریکا بہتر تعلقات دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش ہے، دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات علاقائی امن واستحکام میں معاون ثابت ہونگے۔

اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ امریکا میں فیصلوں پر عملدرآمد کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان سمیت دیگر معاملات پر امریکی حکام سے مشاورت جاری رکھنے پر غور کیا گیا۔