اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈی والا میں سے کون جائے گا اور کون بچے گا۔ ایوان بالا میں میدان کل 2 بجے سجے گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے ووٹنگ کا عمل ملتوی ہونے سے متعلق تاثرات کو مسترد کر دیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف قرارداد اپوزیشن کے 26 ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر پیش کریں گے، جس کے بعد قرارداد پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ ہو گی، پریزائیڈنگ افسر گنتی کے بعد عدم اعتماد کامیاب یا ناکام ہونے کا اعلان کریں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کیخلاف قرارداد پر ووٹنگ بھی اسی طریقہ کار کے تحت ہو گی۔
سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے کہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے خلاف قرارداد جمعرات کو ہی پیش ہو گی، ووٹنگ کے لئے سات روز درکار ہونے کا تاثر درست نہیں، تحریک عدم اعتماد کا عمل جمعرات کو ہی مکمل ہوگا۔