پاکستان کو تنہا کرنے کی سازشیں دم توڑ گئیں، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 22 July,2019 05:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا پہلے آپ کے موقف کو اونرشپ نہیں دے رہی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کا مقدمہ لڑا۔ تعلقات کی بہتری کیلئے تارکین وطن اہمیت رکھتے ہیں، میں انھیں مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سازشیں کرنے والے نادان ہوش کے ناخن لیں، سیاست کا رنگ چڑھانے کیلیےعالمی سطح پر سازش نہیں کرنی چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان کا امریکا میں پاکستانیوں سے خطاب تاریخی لمحہ تھا۔ مٹھی برابر سازشی عناصر اجتماع کے بعد دم توڑ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں اہم ملاقات ہونے جا رہی ہے، وزیراعظم بین الاقوامی سطح پر ملکی مفاد سامنے رکھیں گے۔