چیئرمین سینیٹ کے اعتراضات مسترد، اپوزیشن کا اجلاس بلا کر ووٹنگ کا مطالبہ

Last Updated On 19 July,2019 07:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے اجلاس بلا کر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا اپوزیشن نے خط سیکریٹری ایوان بالا کو بھیج دیا۔

میر حاصل بزنجو نے سینیٹ میں اپوزیشن کے ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں قرارداد کے بارے میں ابھی تک نہیں بتایا گیا، جب ہم نے تحریک پیش کی تو 4 دن تک جواب نہیں دیا گیا، 60 سے زائد ارکان کی حمایت کا یقین ہے، فوری طور پر سینیٹ اجلاس بلایا جائے، شاہد خاقان کی گرفتاری سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، دباؤ ڈالنے کیلئے مزید گرفتاریاں ہوں گی، گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔

حاصل بزنجو کا کہنا تھا چیئرمین سینیٹ کے خط کا جواب جمع کرا دیا، دباؤ کے باوجود اپوزیشن پیچھے نہیں ہٹے گی، پیر کو اپوزیشن رہنماؤں کا ایک اور اجلاس ہوگا۔