پارلیمنٹ ہاؤس میں لوڈشیڈنگ، ذیلی کمیٹی کا اجلاس آدھا گھنٹہ بعد ہی ملتوی

Last Updated On 16 July,2019 04:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس آدھا گھنٹہ بعد ہی ملتوی کر دیا گیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس نور عالم خان کے زیر صدارت شروع ہوا تو پورا کمرہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا، اس پر کچھ بتیاں جلائی گئیں مگر وہ بھی بہت کم تھیں جبکہ اجلاس کی ریکارڈنگ بھی نہیں ہو سکی۔

اس پر کمیٹی کنوینئر نور عالم خان نے برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ آئیسکو چیف کو کال کی جائے، اگر بجلی انہوں نے بند کی تو انھیں فوری طور پر کمیٹی میں بلایا جائے۔

کنوینئر کمیٹی نے حکم دیا کہ اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے سرکاری افسران اپنا ٹی اے ڈی اے پاور ڈویژن سے لیں اور آڈٹ حکام اس معاملے پر باقاعدہ پیرا بھی بنائے۔

آڈیٹر جنرل نے بتایا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں بجلی کی فراہمی کی ذمہ داری سی ڈی اے کی ہے۔ کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ اس معاملے کی انکوائری کرائی جائے، آج اندازہ ہوا کہ ملک میں بجلی کا کتنا سنجیدہ بحران ہے۔ بعد ازاں پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس احتجاجاً ملتوی کر دیا گیا۔