بلاول بھٹو زرداری نے انتخاب یا انقلاب کا پرانا نعرہ پھر بلند کر دیا

Last Updated On 14 July,2019 03:14 pm

صادق آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخاب یا انقلاب کا پرانا نعرہ پھر بلند کر دیا، کہتے ہیں نوجوانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، غریبوں پر بوجھ بڑھایا اور امیروں کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔

صادق آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ کٹھ پتلیوں کو گھر بھیجا جائے گا، حکومت نے بجٹ کے ذریعے غریبوں کیلئے تکلیف جبکہ امیروں کیلئے ریلیف اور ایمنسٹی سکیم پیش کردی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں اور پنجاب کا ترقیاتی بجٹ کم کر دیا گیا ہے، پیپلزپارٹی کٹھ پتلی وزیراعلی پنجاب کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔

انھوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں پتہ چلا عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، سلیکٹڈ وزیراعظم نے یو ٹرن لیا اور آئی ایم ایف کے سامنے سر جھکا دیا۔ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا لیکن ایک بھی نہیں دی۔ صوبوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، سندھ میں ڈاکہ ڈالا گیا، سب سے زیادہ نقصان پنجاب کا ہوا۔

واضح رہے کہ شہر میں گرمی کے سبب پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن کیلئے خصوصی تیاریاں کی گئی تھیں، کارکنوں کیلئے ائیر کنڈیشنڈ ہال اور کھانے پینے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔