نیب آپریشنز سے کرپشن کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے، چیئرمین

Last Updated On 09 July,2019 06:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی ادارے کی جانب سے آپریشنز سے کرپشن کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نیب کے آپریشنز سے کرپشن کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔ کرپٹ عناصر سے نمٹنے کے لیے نیب کی حکمت عملی شاندار ہے۔ گزشتہ برسوں کی نسبت نیب کو کرپشن کی دوگنی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ تمام کرپشن کیسز کا بغور جائزہ لینے کے بعد ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے، جس میں اعلیٰ عہدیدار شرکت کرتے ہیں۔ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انکوائریز کو باقاعدہ انوسٹی گیشن میں بدل دیا جاتا ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ انکوائری میں فریقین کو صفائی کا موقع دیا جاتا ہے۔ تصدیق کے مرحلے سے گزرنے کے بعد جھوٹی شکایات کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔