منڈی بہاءالدین: مریم کا جلسہ رکوانے کیلئے پولیس نے گراؤنڈ سیل کردیا

Last Updated On 05 July,2019 06:55 pm

منڈی بہاء الدین: (دنیا نیوز) منڈی بہاء الدین میں مریم نواز کا جلسہ روکنے کیلئے پولیس نے قائداعظم گراؤنڈ پر چھاپہ مار کر ٹینٹ لگانے والے چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس نے ٹرک منگوا کر سامان اٹھوا دیا جبکہ بھاری نفری گراؤنڈ کے اطراف میں تعینات کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ منڈی بہاء الدین میں مریم نواز کی جانب سے سات جولائی کو حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیلئے جلسہ کرنا تھا جس کیلئے قائداعظم گراؤنڈ پر کرسیاں لگائی جا رہی تھیں۔

پولیس نے چھاپہ مار کر گراؤنڈ کو سیل کر دیا ہے۔ پولیس نے ٹرک منگوا کر کرسیاں، ٹیبل، حفاظتی خاردار جنگلا، کارپٹ اور دیگر سامان اٹھوا دیا۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی مشاہد رضا نے کہا کہ جلسہ کرنا ہماری جمہوری حق ہے اور ایسا کرنے سے کوئی قوت نہیں روک سکتی۔