لاہور: گھر میں آتشزدگی، آگ بجھانے کی کوشش میں ریسکیو اہلکار جاں بحق

Last Updated On 04 July,2019 11:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں نسبت روڈ پر واقع گھر میں آتشزدگی سے مکان کی چھت گر گئی، ریسکیو آپریشن کے دوران فائر فائٹر وسیم عباس ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

لاہور کے علاقے گوالمنڈی نسبت روڈ پر بے آباد گھر میں آتشزدگی، فائر فائٹر وسیم عباس اپنا فرض نبھانے ساتھیوں کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچا، آگ کو کنٹرول کرنے کے لئے خود ریسکیو آپریشن لیڈ کرتا رہا۔ آگ کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی، فائر فائٹر وسیم عباس ملبے تلے دب گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے اپنے ساتھی کو بچانے کی کوشش کی لیکن وسیم عباس زندگی کی بازی ہار گیا، ایک گھنٹے کی تگ و دو کے بعد وسیم عباس کی لاش کو ملبے تلے سے نکالا جا سکا۔ عینی شاہد کا کہنا تھا کہ فائر فائٹر وسیم عباس آگ بجھانے کے لئے خود آپریشن کو لیڈ کر رہا تھا۔

ڈسٹرک ریسکیو آفیسر شاہد وحید قمر نے کہا کہ وسیم عباس ایک باکمال فائر فائٹر تھا، شہریوں کے جان و مال کو بچاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، آج اس کی موت کی وجہ سے پوری ریسکیو فیملی غمزدہ ہے۔