میں ڈپٹی پرائم منسٹر نہیں، یہ تاثر غلط ہے: جہانگیر ترین

Last Updated On 02 July,2019 10:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ میرے بارے میں ڈپٹی پرائم منسٹر کا تاثر غلط ہے، میں تجربے کی بنیاد پر پارٹی کی مدد کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کابینہ میں بھی زرعی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی تھی، اس پالیسی سے کسان اور کاشتکار کو فائدہ ہوگا۔

جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس چھوٹے کاشتکار ہیں جن پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، ہمارا چار سال کا ہدف ہے۔ 309 ارب کا زرعی ایمرجنسی پروگرام ہے۔ ہم کیج فارمنگ کو فروغ دیں گے جبکہ ڈیری فارمنگ پر بھی کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگی ایم پی ایز کی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا رول تھا۔ انہوں نے اپنے حلقوں کی بہتری کے لیے ملاقات کی۔ یہ ابتدا ہے بہت سارے لوگ رابطہ کر رہے ہیں۔ ریفارمز کے حوالے سے اکثریت ہوگی تو حکومت بہتر ہوگی

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادیوں سے ہماری کوئی لڑائی نہیں، اختر مینگل سمیت تمام اتحادیوں سے تعلقات بہتر ہیں۔