اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
یاد رہے کہ دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 30 پیسے تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پیٹرول کی قیمت میں 77 پیسے فی لٹر کمی کی بھی سفارش کی گئی تھی۔
دستاویز کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 26 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 94 پیسے کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہونا تھا تاہم وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے ہوئے انھیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پرانے ریٹ پر برقرار ریں گی۔ پٹرول 112 روپے 68 پیسے فی لٹر، ڈیزل 126 روپے 82 پیسے فی لٹر اور مٹی کا تیل 98 روپے 46 پیسے فی لٹر پر ہی فروخت ہوگا۔