اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرکے معاہدے پر من وعن عمل کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین کی سربراہی میں کمیٹی بھی بنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بی این پی کے بعد حکومت ایم کیو ایم پاکستان کو منانے کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی جس میں میئر کراچی اور حیدر آباد کو فنڈز دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم وفد کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ان کیساتھ معاہدے پر من وعن عمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اتحادی جماعت کیساتھ معاملات طے کرنے کے لیے جہانگیر ترین کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ ایم کیو ایم اراکین نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت وعدے کے مطابق کراچی اور حیدر آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے معاونت کرے۔
وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن صرف معاملات طے کرنے کے لیے دباؤ بڑھانا چاہتی ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہی اس ملک کو ہمیشہ کے لیے مشکلات سے نکال کر مضبوط معاشی طاقت بنائیں گے۔