حکومت انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، شاہد خاقان عباسی

Last Updated On 20 June,2019 10:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ حکومت انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے لیکن منافع حکومت میں شامل لوگ کما رہے ہیں۔ حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں عوام کے لئے کچھ نہیں ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ حکومت کا نہیں آئی ایم ایف کا ہے۔ آج مہنگائی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں جبکہ منافع حکومت میں بیٹھے لوگ کما رہے ہیں۔ ہم نے جتنا قرضہ پانچ سال میں لیا اتنا موجودہ حکومت نے ایک سال میں لے لیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی سکیم میں صرف 48 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ جو حکومت چار ہزار ارب کے ٹیکس اکھٹے نہیں کر سکتی وہ پانچ ہزار پانچ سو ارب کیسے اکھٹے کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔