لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، ماضی کے حریف ایک بارپھر اکٹھے ہو گئے۔ مریم نواز کی دعوت ظہرانہ پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو رائیونڈ پہنچ گئے، بات چیت میں دونوں پارٹیوں کے رہنماء بھی شریک ہوئے۔
بجٹ کی منظوری روکنا ضروری، حکومت مخالف محاذ سرگرم ہو گیا، پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف تحریک سے پہلے ٹارگٹ طے کر لیا۔ لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، آج ایک اور بڑی سیاسی ملاقات ہو گئی۔
مسلم لیگ ن کی سنیئرنائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جاتی امرا پہنچ گئے۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ حکومت کے پیش کردہ بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں جانب سے قریبی پارٹی رفقاء بھی شریک ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر، قمرزمان کائرہ، حسن مرتضیٰ، چودھری منظور نے بھی شرکت کی۔ ن لیگ کی جانب سے رانا ثنااللہ، ایازصادق، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، پرویزرشید اور مریم اورنگزیب ملاقات میں موجود تھے۔
مریم نوازگزشتہ ماہ اسلام آبادمیں بلاول بھٹو کے اٖفطار ڈنر میں شرکت کر چکی ہیں۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی اور بلاول کی ملاقات
نوازشریف اور شہبازشریف کی اجازت سے ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا پارٹی کےتمام فیصلے اعلیٰ قیادت کی مشاورت سے کئے جاتے ہیں۔