اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کی بینک گارنٹی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ نومبر تک ٹرین چلنی ہے۔
جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کیس کی سماعت کی۔ عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ منصوبے کا سول ورک مکمل ہو چکا ہے، باقی کام بھی تقریباٍ مکمل ہو گیا، ٹھیکیداروں نے باقی کام بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نجی تعمیراتی کمپنی کے وکیل نعیم بخاری نے بتایا کہ 20 مئی کو عدالتی حکم کی مطابق سول ورک مکمل کیا، لیکن کمپنی کے ساتھ کچھ زیادتیاں ہوئی ہیں، پیسے کم دیئے گئے ہیں، کام مکمل کر لیا، اب بینک گارنٹی بھی واپس کی جائے۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا ایک کروڑ روپے کی بنک گارنٹی ہر ٹھیکیدار کو واپس کر دی جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جب تک نیا ایم ٹی مقرر نہیں کیا جاتا اس وقت موجودہ ایم ڈی فضل حلیم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ مقدمے کی مزید سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔