شہریوں کی نماز عید کے بعد پیاروں کی قبروں پر حاضری، فاتحہ خوانی

Last Updated On 05 June,2019 12:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید خوشی کا موقع ہے تو ایسے میں اس دنیا کو چھوڑ جانے والے اپنوں کی یاد بھی بہت آتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں نے عید کی نماز ادا کرنے کے بعد قبرستانوں کا رخ کیا، اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول نچھاور کیے اور دعائے مغفرت کی۔

نماز عید ادا کرنے کے بعد آج اسلام آباد کے شہریوں نے بڑی تعداد میں قبرستانوں کا رخ کیا۔ اپنے والدین اور پیاروں کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور قبروں کی صفائی کی۔ شہریوں نے اس دار فانی سے کوچ کرنے والوں کے ایصال ثواب کے لیے قرآن پاک کی تلاوت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر بچوں کی بڑی تعداد بھی قبرستان آئی، کوئی اپنی دادو تو کوئی نانو کو یاد کر کے افسردہ دکھائی دیا۔ نیک اولاد صدقہ جاریہ ہے، مصروفیات نے انسان کو کئی فرائض سے غافل کر دیا لیکن دعائے مغفرت کے لیے قبرستان آنے کا سلسلہ قائم و دائم ہے۔