شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

Last Updated On 04 June,2019 11:43 am

کراچی: (دنیا نیوز) شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس آج کراچی میں بعد نماز عصر محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو گا۔

صدارت چیئرمین رویت مفتی منیب الرحمن کریں گے۔ اسی طرح ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے جن میں ارکان چاند نظر آنے کی شہادتیں اکٹھی کریں گے، زونل کمیٹیاں اپنی رویت کی شہادت سے مرکزی کمیٹی کو مطلع کریں گے جس کے بعد سرکاری طور پر عید بدھ کو ہونے کا اعلان کیا جائے گا۔

لاہور میں اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور سیکرٹری اوقاف ذوالفقار گھمن کریں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 28 گھنٹے اور 16 منٹ ہوگی۔ چاند غروب آفتاب کے ایک گھنٹے بعد تک افق پر موجود رہے گا، محکمہ موسمیات نے آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔