یوم تکبیر کے نام پر سیاسی شو کرنے پر شرم آنی چاہیے، شہباز گل

Last Updated On 28 May,2019 08:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر کو ان کے مشیروں نے پاکستان کی غلط تاریخ پڑھائی ہے۔ ن لیگ کو یوم تکبیر کے نام پر سیاسی شو کرنے پر شرم آنی چاہیے۔

مریم صفدر کی تقریر پر ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے ردعمل میں کہا کہ پاکستان کو ایٹمی پاور ملکی ہیروز اور ریاستی اداروں نے بنایا۔ شکر ہے کہ یہ منصوبہ ریاست کا تھا اگر ن لیگ کا ہوتا تو اس میں بھی کرپشن ہوتی۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدر نے اپنی تقریر میں نواز شریف کو ایٹمی سائنسدان بنا کر پیش کیا۔ عوام کو ڈر ہے کہ وہ کل کو پاکستان بنانے کا کریڈٹ بھی نواز شریف کو نہ دے دیں۔ انھیں شاید یہ بھی نہیں پتا کہ ایٹمی طاقت میں کن ہیروز کا کردار ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پچھلی تین دہائیوں میں ن لیگ نے عوام پر قرضوں کے بم گرائے۔ نواز شریف کا پاکستانی تاریخ میں سب سے بڑا دھماکا قومی خزانے سے اربوں کی کرپشن کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ عوام مسترد کر چکی ہے۔ یہ چیخیں این آر او نہ ملنے کی وجہ سے نکل رہی ہیں۔ ان کی 6 ماہ کی پراسرار خاموشی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی۔