کراچی: (دنیا نیوز) گڈاپ سٹی پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل کی ترسیل ناکام بنا کر دو ملزمان گرفتار کر لئے۔ چوری کے مقدمے میں مفرور ملزم کو بھی دھر لیا گیا۔
ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر سپر ہائی وے پر کارروائی کی۔ دو ملزمان کو گرفتار کر کے پینتیس ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل سے بھرا کنٹینر تحویل میں لےلیا۔
ملزمان دوسرے شہروں سے غیر قانونی ایرانی ڈیزل کراچی میں لا کر فروخت کرتے تھے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد غیرقانونی ایرانی ڈیزل سے بھرا کنٹینر اور گرفتار ملزمان اکرام اللہ اور واحد کو کسٹم حکام کے حوالے کر دیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں گڈاپ پولیس نے چوری کے مقدمے میں مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم قیوم کو تھانہ گڈاپ سٹی میں پہلے سے درج مقدمے میں گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔