وزیراعظم کی آج قومی اسمبلی میں آمد: اپوزیشن کیا کریگی ؟

Last Updated On 06 May,2019 09:14 am

اسلام آباد: (طارق عزیز) وزیراعظم عمران خان کی ایوان میں متوقع آمد بارے (ن) لیگ نے حکمت عملی طے کر لی، وزیراعظم کی عرصہ بعد آج ایوان میں آمد، مہنگائی، حکومتی پالیسیوں، معاشی وخارجہ محاذ پر ناکامیوں پر بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔ ایوان میں شدید احتجاج، سپیکر ڈائس کا گھیراؤ اور وزیراعظم کی نشست کے سامنے ہنگامہ آرائی متوقع ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے قبل پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہو گا جس میں ارکان کو ایوان میں احتجاج کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے جارحانہ سیاست اور ایوان میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن اجلاس میں کیا گیا، قائد (ن) لیگ نواز شریف اور شہباز شریف کی مشاورت سے (ن) لیگ کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ نے وزیراعظم کی ایوان آمد پر ‘‘بھرپور احتجاج ’’ کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کو پارلیمانی پارٹی کے سربراہ اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کی تبدیلی کے بارے وضاحت دے گی، متحدہ اپوزیشن آئی ایم ایف سے قرضوں، مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومت سے فلور آف دی ہاؤس جواب مانگے گی۔