لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ دوائوں کی قیمتیں بڑھنے پر وزیراعظم عمران خان کافی نالاں اور پریشان ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کی ٹیم کے ساتھ پوری صورتحال کا مکمل جائزہ لیا ہے۔ وزارت صحت نے آڈیٹرجنرل سے رابطہ کیا ہے۔ اگلے ہفتے 400 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔ ہم نے عام آدمی کی قوت خرید کو مدنظر رکھنا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ دواؤں کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید تک لے کر آئیں گے۔ دواؤں کے نرخ وہاں لانا مشکل ہوگا جس سطح سے بڑھی تھیں۔ ادویات قیمتوں کی پالیسی بہت اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ حکومت اور فارما سوٹیکل کمپنیز کے درمیان اعتماد ختم ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ایکسپرٹ کی ایک کمیٹی متعین کررہے ہیں جولانگ ٹرم پالیسی دے گی۔