اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے۔
نیب چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ذمہ داریاں سنبھالتے ہی 179 میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی، ان میں سے 105 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کرائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 15 مقدمات میں انکوائریز اور 18 مقدمات انوسٹی گیشن کے مراحل میں ہیں جبکہ 41 مقدمات کو منطقی انجام تک قانون کے مطابق نمٹایا جا چکا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے بلاتفریق اقدامات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ تمام برائیوں کی جڑ بدعنوانی کو میرٹ کے مطابق ختم کیا جائے۔ نیب میں پیش ہونے والے تمام افراد کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھیں۔ ملک سے ہرقسم کی بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں نیب ریفرنس کی پیروی مکمل تیاری، شواہد اور قانون کے مطابق کی جائے۔ ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔