ایف آئی اے نے ایک بار پھر اصغر خان کیس بند کرنے کی استدعا کر دی

Last Updated On 22 April,2019 11:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 1990 کیلئے سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق اصغرخان کیس میں وزارت دفاع کو کیس آگے بڑھانے کیلئے مزید گواہان کی تلاش ہے جبکہ ایف آئی اے نے ایک بار پھر کیس بند کرنے کی سفارش کر دی۔

 ایف آئی اے نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ بے نامی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات سمیت دیگر اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے، مجیب الرحمان شامی اور حبیب اکرم نامی صحافیوں کے انٹرویو بھی کئے، مرکزی گواہ بریگیڈئر (ر) حامد سعید اور ایڈووکیٹ یوسف میمن سے پوچھ گچھ کی گئی لیکن مزید ٹرائل کیلئے خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے، کیس کو کسی بھی عدالت میں چلانا ممکن نہیں۔

وزارت دفاع نے اپنے جواب میں بتایا ہے کہ تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی گئی، جس نے 6 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے، تمام شواہد کا بھی جائزہ لیا گیا، مزید گواہوں کی تلاش جاری ہے، کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔