اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین کے لئے بری خبر، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 16 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ نیپرا چوبیس اپریل کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق مارچ کے لئے بجلی کی ریفرنس پرائس 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 5 روپے 15 پیسے فی یونٹ رہی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے سابقہ ایڈجسٹمنٹ اور سپلمنٹری چارجز کی مد میں 14 پیسے فی یونٹ صارفین پر ڈالنے جبکہ ٹرانسمیشن لاسز کی مد میں ایک پیسہ فی یونٹ صارفین پر ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق مارچ میں کوئلے سے 14.02 فیصد گیس سے 24.05 فیصد آر ایل این جی سے 23.40 فیصد اور ایٹمی ذرائع سے 11.52 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 97 پیسے، فرنس آئل سے 11 روپے 35 پیسے، گیس سے پیداواری لاگت 5 روپے 76 پیسے اور ایل این جی سے 9 روپ 84 پیسے فی یونٹ رہی ہے۔