کراچی: ڈپٹی میئر کا انتخاب، پولنگ کا آغاز، شام 5 بجے تک جاری رہے گی

Last Updated On 18 April,2019 11:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لئے پولنگ کا آغاز ہوگیا، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی، 300 اراکین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ڈپٹی میئر کراچی کے انتخاب کے لئے انتخابی عمل میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار سید ارشد حسن جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کرم اللہ وقاصی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ ڈپٹی میئر کے انتخابی عمل کے لئے ریٹرننگ آفیسر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سید صلاح الدین کی نگرانی میں کونسل ہال بلدیہ عظمیٰ کراچی کو پولنگ سٹیشن بنایا گیا ہے جہاں بغیر کسی وقفے کے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہے گا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں انتخاب کے موقع پر تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاہم میئر، ڈپٹی میئر، میٹرو پولیٹن کمشنر سیکریٹریٹ، کونسل سیکریٹریٹ اور میڈیا مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ حسب معمول کھلے رہیں گے۔ سابق ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو ایم کیو ایم سے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے باعث عہدے سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ ڈپٹی میئر کراچی کی نااہلی کیلئے ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔