کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام،کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار

Last Updated On 11 April,2019 12:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کاؤنٹرز ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کالعدم تنظیم کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا، ملزم سے خودکش جیکٹس اور دستی بم بھی برآمد ہوا ہے۔

کراچی میں سی ٹی ڈی نے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم اسحاق عرف گل کا نام ریڈ بک میں بھی درج ہے۔ کاونٹرٹیرارزم ڈپارٹمنٹ کے مطابق کالعدم تنظیم کے دہشتگرد سے خودکش جیکٹس اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ملزم افغانستان کے راستے بلوچستان اور اندرون سندھ سے ہوتے ہوئے کراچی میں بڑی دہشتگردی کی کاروائی کیلئے داخل ہوا تھا۔

گرفتار دہشتگرد ناظم آباد پاپوش کا رہائشی اور لشکر جھنگوی کے امیر عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری کا پڑوسی تھا۔ ملزم 2006 میں جند اللہ میں شامل ہوا اور افغانستان سے دہشتگردی کی تربیت لی۔ انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کے مطابق گرفتار ملزم کیخلاف متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔