وزیراعلیٰ سندھ کا مختلف علاقوں کا دورہ، کچرے پر برہمی کا اظہار

Last Updated On 08 April,2019 02:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ صدر کے علاقے میں ٹریفک جام میں پھنس گئے۔ سندھ کے وڈھے سائیں نے شہر میں جا بجا بکھرے کچرے کے ڈھیر دیکھ کر اظہار بر ہمی کیا اور انہوں نے ذمہ داروں کو گھر بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

خداداد کالونی سے واپسی پر وزیر اعلیٰ سندھ بغیر پروٹو کول صدر کے لئے روانہ ہوئے، وڈھے سائیں کی سیاہ پراڈو ٹریفک میں پھنس گئی۔ کوڑے کے ڈھیر دیکھ کر مرادعلی شاہ نے متعلقہ محکموں کی کلاس لے ڈالی۔ کمشنر کراچی کو میونسپل افسران سے میٹنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے احکامات دیئے کہ جو کام نہیں کرسکتے، ان کو گھر بھیجیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ہی ایمپریس مارکیٹ کا بھی معائنہ کیا اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے لیے روانہ ہو گئے۔