کمشنر سکھر کی بے بسی: انٹر امتحانات فوج کی نگرانی میں کرانیکی سفارش

Last Updated On 08 April,2019 02:17 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) محکمہ تعلیم سندھ اور انتظامیہ نقل روکنے میں بے بس ہو گئی۔ کمشنر سکھر نے امتحانات فوج کی نگرانی میں کرانے کی سفارش کر دی۔ سفارشات میں امتحانی ہال میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

سندھ بھر میں امتحانی مراکز پر نقل مافیا کی یلغار اور انتظامیہ کی بے بسی کے بعد کمشنر سکھر کو انتہائی اقدام لیتے ہوئے بالاآخر یہ سفارش کرنا پڑ گئی کہ امتحانات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ کمشنر سکھر نے امتحانی مراکز کے قریب موبائل فون سروس بند کرنے اور کمرہ امتحان میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے علاوہ موبائل فون، ٹیبلیٹس اور دیگرالیکٹرانک آلات لانے پر بھی پابندی کی درخواست کی ہے۔

کمشنر سکھر کی جانب سے یہ سفارشات امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے کی گئی ہیں۔ انتظامیہ کی بے بسی اپنی جگہ لیکن امتحانی مراکز میں کھلم کھلا نقل اور کمرہ امتحان میں بیٹھے امیدواروں کی طرف سے کتابوں، بوٹیوں، موبائل فون، ٹیبلیٹس اور دیگر الیکٹرانک آلات کے استعمال نے سکول اساتذہ کی تربیت، طلبا کے ذہنوں میں تصور تعلیم اور حصول علم کے بنیادی مقاصد پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔