نئی گاڑیوں کی خریداری، عثمان بزدار نے ابتدائی سمری منظور کرلی

Last Updated On 08 April,2019 06:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے سمری کی ابتدائی منظوری کی دستاویزات دنیا نیوز سامنے لے آیا ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے محکمہ خزانہ سے سپلیمنٹری گرانٹ بھی مانگ لی ہے۔

عثمان بزدار حکومت نے ایک بار پھر وزیراعظم کا کفایت شعاری پلان ہوا میں اڑا دیا ہے۔ 77 نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے سمری کی چپکے سے ابتدائی منظوری کا انکشاف ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ سے منظوری کے بعد فنڈز کے اجرا کیلئے سمری محکمہ خزانہ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے سمری 29 مارچ کو بھجوائی گئی تھی۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ نئی گاڑیاں پارلیمانی سیکرٹریوں اور سٹینڈنگ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کو دی جانی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے فنڈز کے اجرا کے پراسیس فالو کرنے کے لئے ایس اینڈ جی اے ڈی کو آسٹریٹی کمیٹی میں جانے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی دنیا نیوز ہی 77 نئی گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ منظر عام پر لایا تھا۔ میڈیا پر شور اٹھا تو ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے معاملے کو صرف محکمانہ تجویز قرار دیا تھا۔

فواد چودھری نے وزیراعلیٰ کی طرف سے سمری مسترد کرنے کا دو ٹوک دعویٰ بھی کیا تھا۔ تاہم اب نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے منظر عام پر آنے والی دستاویزات نے حکومتی ترجمانوں کے دعوؤں کی نفی کر دی ہے۔