وزیراعلیٰ پختونخوا کا خاصہ دار،لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنیکا اعلان

Last Updated On 08 April,2019 02:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع کے خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو کے پی پولیس میں ضم کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے لاکھوں خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبور نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ضم قبائلی اضلاع کے حوالے سے آج تاریخی دن ہے، وزیراعظم نے جو وعدے کیے وہ پورے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں خاندانوں کو فاقے کرنے پر مجبور نہیں کریں گے، خاصہ دار اور لیویز کو پولیس کی طرز پر مراعات دیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خاصہ دار اور لیویز کے 22 نقاطی ایجنڈے میں سب مطالبات تسلیم کر لیے گئے، جلد سے جلد خاصہ دار فورس کو ہر طرح کی ٹریننگ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کے اعلان کے بعد قبائلی اضلاع میں فرائض سرانجام دینے والے 28 ہزار خاصہ دار اور لیویز فورس اہلکار خیبر پختونخوا پولیس کا حصہ بن گئے ہیں۔