منی لانڈرنگ الزامات: حمزہ شہباز کی آج لاہور ہائیکورٹ پیشی

Last Updated On 08 April,2019 08:48 am

لاہور: ( دنیا نیوز ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کی لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لئے دائر درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو ضمانت مل جائے گی یا پھر گرفتار کر لیے جائیں گے، اس حوالے سے آج کا دن نہایت اہم ہو گیا۔ قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز شریف وکلا ٹیم امجد پرویز،عطا تارڑاور دیگر کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ میں مستقل ضمانت کیلئے پیش ہوں گے۔

دوسری طرف قومی احتساب بیورو نے بھی اپنی تیاری مکمل کی ہے اگر حمزہ شہباز کو مستقل ضمانت نہیں ملتی تو ہائی کورٹ سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ حمزہ شہباز کو مستقل ضمانت دلوانے کے لیے وکلا کی ٹیم مکمل تیاری کر چکی ہے حمزہ شہباز شریف آج 12 بجے سے پہلے لاہور ہائی کورٹ میں عدالت میں ضمانت کیلئے پیش ہونگے کیونکہ حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کیلئے ملزم کو ضابطہ فوجداری کے سیکشن 498 اے کے مطابق کورٹ میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق حمزہ شہباز شریف مکمل تیاری کے ساتھ اپنی وکلا ٹیم امجد پرویز، عطا تارڑ سمیت دیگر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوکر اپنا مؤقف پیش کریں گے، گرفتاری سے 10 روز قبل آگاہ کرنے کے عدالتی حکم نامہ بھی مدنظر رکھا جائیگا ، حمزہ شہباز اور ان کے وکلا کی کوشش ہے کہ مستقل ضمانت مل جائے، ن لیگ نے اپنے کارکنوں کو لاہور ہائیکورٹ بروقت پہنچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ پیشی کے طور پر بھرپور پاور شو کی جائے۔ نیب ٹیم کی جانب سے حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ پر چارج شیٹ تیار کر لی گئی ہے۔ نیب کی جانب سے سپیشل پراسکیوٹر اور وکلا پر مشتمل 8 رکنی سپیشل ٹیم عدالت میں پیش ہوگی۔

واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتی ہے مگر حمزہ شہباز دو دن کی حفاظتی ضمانت پر ہیں۔ حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری ہائیکورٹ، مال روڈ اور نیب آفس کے باہر تعینات ہوگی۔ سکیورٹی اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے اور لاہور سمیت صوبے بھر میں حالات پر امن رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔