پاکستانی معاملات میں مداخلت، فواد چودھری کا سشما سوراج کو کرارا جواب

Last Updated On 24 March,2019 05:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ میں 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا پر بھارت نے ایک بار پھر کم ظرفی کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان کے اندرونی معاملے میں مداخلت کر دی۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سفارتی آداب کے منافی، نامناسب ٹویٹ کیا جس کا وزیراطلاعات فواد چودھری نے کرارا جواب دیا۔

سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے مبینہ اغوا پر پاکستان کے اندرونی معاملے پر مداخلت کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹویٹ کیا کہ بھارتی ہائی کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

پاکستانی وزیراطلاعات فواد چودھری نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، یہ مودی کا بھارت نہیں جہاں اقلتیوں سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے، اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، امید ہے آپ بھارتی اقلیتوں کے معاملے پر بھی ایسا ہی ردعمل دینگی۔

 فواد چودھری کے اس مناسب جواب پر بھارت کی جانب سے خاموشی چھا گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والا کوئی بھی واقعہ اس کا اندرونی معاملہ ہےاور کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ ان واقعات پر سیاست کرے۔ عالمی سفارتی قوانین کے مطابق دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کرنا سنگین حد تک نامناسب اور قابل مذمت عمل ہے۔