لاہور: لیڈی ہیلتھ ورکرز اور محکمہ صحت کے مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے

Last Updated On 19 March,2019 10:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ فیصل چوک پر دھرنے کے باعث مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہے۔

لاہور کی تاریخی اور مرکزی شاہراہ مال روڈ ایک بار پھر احتجاجی دھرنے کی زد میں ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے احتجاج کو 2 روز گزر گئے مگر مظاہرین کی تعداد کم ہوئی اور نہ ہی ان کے پختہ عزم میں کوئی کمزوری واقع ہوئی۔

پے سکیل میں بہتری اور مستقل ملازمت ان کے بڑے مطالبات ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم کرنے تک دھرنا دیے رکھیں گی۔ مظاہرے میں شامل خواتین کا کہنا ہے کہ ان کے مسائل کو پچھلے دورِ حکومت میں بھی نظر انداز کیا گیا لیکن اب وہ اپنا حق لینے کے لئے گھر بار چھوڑ کر کھلے آسمان تلے بیٹھی ہیں۔

دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے مطالبات پہلے سے ہی تسلیم کئے جا چکے ہیں۔ دھرنے والے صرف سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔