فواد حسن فواد کیخلاف دوسرا کرپشن ریفرنس دائر

Last Updated On 18 March,2019 07:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے ملزم فواد حسن فواد کیخلاف دوسرا کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کر دیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے فواد حسن فواد کیخلاف دوسرا ریفرنس مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں داخل کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں ملزم کیخلاف 1 ارب 9 کروڑ مالیت کے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

نیب لاہور کی جانب سے ملزم فواد حسن فواد کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 3 اگست 2018ء کو گرفتاری پر عملدرآمد کیا گیا۔ ملزم کے اثاثہ جات میں صدر راولپنڈی میں 5 کنال رقبہ کا کمرشل پلاٹ شامل ہے جس کی موجودہ مالیت لگ بھگ 50 کروڑ ہے۔

اس کے علاوہ فواد حسن فواد کے 3 ارب 85 کروڑ مالیت کے 15 منزلہ کمرشل پلازہ میں حصص ثابت ہوئے۔ نیب لاہور کی جانب سے 12 اکتوبر 2018ء کو ملزم کیخلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کیا گیا۔

15 مارچ 2019ء کو چیئرمین نیب کی جانب سے ریفرنس کی حتمی منظوری کے بعد آج ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی نیب لاہور کا کہنا ہے کہ چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید کی اختیار کردہ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے گامزن ہیں۔ تمام کرپشن کیسز میں میرٹ اور صرف میرٹ کی بنیاد پر اصولی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔