اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا ٹویٹ آتے ہی وزرا نے بھی اپنے بیان بدل لئے۔ پہلے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے تنخواہیں بڑھانے کے حق میں بیان دیا، وزیراعظم کا تنخواہوں میں اضافے کے خلاف بیان آیا تو وزرا کے بیانات بھی تبدیل ہو گئے۔
ثابت ہوگیا یوٹرن تو اچھے ہوتے ہیں، فواد چودھری نے وزیراعظم کا ٹویٹ آنے کے بعد یوں بیان بدلا " وزیراعلیٰ اور ارکان صوبائی اسمبلی نے خود کو نوازا، تحریک انصاف کی پالیسی کا مذاق اڑایا گیا، فیصلے پر فوری نظرثانی کی جانی چاہئے۔"
قبل ازیں پنجاب اسمبلی نے تنخواہوں کا بل منظور کیا تو فواد چودھری بھی بول پڑے، کہنے لگے تنخواہیں بہت کم تھیں۔ تاہم وزیراعظم کا ٹویٹ آتے ہی فواد نے پلٹی ماری اور تنخواہوں میں اضافے کی مخالفت کر دی۔ فواد نے اپنے بیان میں مزید رنگ یوں بکھیرے " لگتا ہے وزیراعلیٰ اور ارکان پنجاب اسمبلی نے خود کو نوازا، کیا پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ، وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم سے لاعلم تھے، اگر کفایت شعاری مہم سے متعلق آگاہ ہوتے تو اس طرح کا فیصلہ نہ کرتے۔"
صرف فواد چوہدری ہی نہیں، صمام بخاری نے پہلے تنخواہوں میں اضافے کے حق میں بیان دیا، وزیراعظم عمران خان کا ٹویت آتے ہی پینترا بدل لیا۔