وزیراعظم کی اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے اقدامات تیز کرنیکی ہدایت

Last Updated On 04 March,2019 04:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر صحت عامر محمود کیانی، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجا خرم نواز، معاون خصوصی نعیم الحق اور کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے معاون خصوصی علی اعوان کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی تبدیلی کے لئے قائم کمیشن کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے۔ شہر کی خوبصورتی بڑھانے سمیت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔ مقامی افراد کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے اور بے سہارا بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کروایا جائے۔ معاون خصوصی علی اعوان نے بتایا کہ شہر کا موجودہ ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔ تعلیم اور صحت کے لئے نئے اداروں کا قیام ترجیحات میں شامل ہیں۔