پلوامہ حملہ؛ پاکستان نے بھارتی الزامات ایک بار پھر مسترد کردیے

Last Updated On 17 February,2019 11:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی پراپیگنڈہ مسترد کرتے ہوئے پلوامہ حملے کا بغیر تصدیق الزام نامناسب قرار دیدیا ہے۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دوسرے روز بھی اہم ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔

 پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے اوچھے ہتھکنڈؤں پر پاکستان نے سفارتی محاذ پر دوسرے روز بھی سفیریوں کو بریفنگ دینے کا عمل جاری رکھا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سفیروں کو بریفنگ دی، جس میں پلوامہ حملے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پلوامہ واقعے پر بغیر تصدیق کے پاکستان پر الزام لگانا مناسب نہیں، پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے غیرمستقل ممالک کے سفیروں کو بھی بریفنگ دی جس میں کا مقصد بھارت کے پلوامہ حملے کے بعد لگائے گئے بے جا الزامات پر حقائق بیان کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر متضاد مواد کو جواز بنانا حقائق کے برخلاف ہے، بھارت ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔