نیب کی پھرتیاں: وزیراعظم ڈاکٹر عبدالصمد کی ہتھکڑیوں میں پیشی پر ناخوش

Last Updated On 16 February,2019 04:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نیب کی پھر تیوں پر ناخوش، ڈائریکٹر آرکیالوجی خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری اور ہتھکڑیوں میں پیشی پر عمران خان نے کہا ہے چیئرمین نیب کو اپنے ادارے میں اس شرمناک حرکت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، ڈاکٹر عبدالصمد پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم ڈاکٹر عبدالصمد کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کئے جانے پر اظہار ناراضی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے چیئرمین نیب کو اپنے ادارے میں اس شرمناک حرکت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

خیبرپخوانخوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے بھی ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایشیاء کے پہلے سنسکرت کے پی ایچ ڈی اور ماہر آرکیالوجسٹ ہیں، ڈاکٹرعبدالصمد گولڈ میڈلسٹ اور صدارتی ایوارڈ ستارہ امتیاز یافتہ بھی ہیں۔

صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد پر صرف کلاس فور کی بھرتیوں کا الزام ہے، جس پر نیب نےانہیں ہتھکڑی لگا کرعدالت میں پیش کیا جو اچھا سلوک نہیں ہے، نیب کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

ادھر نیب خیبرپختونخوا کے مطابق عبدالصمد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مختلف آرکیالوجی سائٹس پر غیر قانونی بھرتیاں کیں جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد انہیں گزشتہ روز احتساب عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر لایا گیا۔ عدالت نے انہیں 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے سپرد کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عبد الصمد کا عدالت میں کہنا تھا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، ثابت نہ ہونے پر نیب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔