'بھارت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے'

Last Updated On 15 February,2019 03:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نعیم الحق کا کہنا ہے بھارت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے، حملہ عوامی جذبات کو کچلنے کا نتیجہ ہے، شہباز شریف کو پی اے سی سے ہٹانے پر کبھی سنجیدگی سے غور ہی نہیں ہوا۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اسلام آباد میں منسٹر انکلیو کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں شہباز شریف بہتر انداز میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، تحریک انصاف قومی اسمبلی کو نئے اور مثبت انداز میں چلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا پیر کو قومی اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کا اجلاس ہوگا جس میں اپوزیشن سے قومی اسمبلی کا اجلاس مثبت انداز میں آگے بڑھنے پر اتفاق ہوگا۔

نعیم الحق نے کہا کہ اگر اپوزیشن نے مثبت رویہ اختیار کیا تو عمران خان اس روز ایوان سے خطاب بھی کریں گے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں کسی بھی سطح پر شہباز شریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے پر کبھی سنجیدگی سے غور ہی نہیں ہوا، میڈیا سیاسی قائدین کے گرما گرم بیانات کو زیادہ اہمیت نہ دے۔