ملتان: (دنیا نیوز) یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ پورا نہیں کیا، الگ سیکرٹیریٹ بنانے کا بھی کوئی فائدہ نہیں، وہ بھی لاہور کا ہی ایکسٹینشن ہوگا، امید ہے ملتان میں پی پی 218 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ پیپلزپارٹی کی حمایت کرےگی۔
ملتان میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور اسی لیے اپوزیشن ہونے کے ناطے ہی صرف اپوزیشن کرنے پر یقین نہیں رکھتا تاہم ایشو بیسڈ سیاست کو ترجیح دیتا ہوں جس سے عوام کو بھی ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی طالبان سے مذاکرات کو ویلکم کرتی ہے کیونکہ ملک میں امن ہوگا تو خوشحالی آئیگی جس سے خوشی ہو گی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کی آمد خوش آئند ہے اور خواہش کرتے ہیں کہ سعودیہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے پاکستان کیخلاف پرو پیگینڈا کرنے پر نرینندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل سے کھیلوں کا فروغ ہو گا جس سے انتہا پسندی ختم ہو گی تاہم پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی ٹیم کو جہانگیر ترین سے رشتہ داری کی وجہ سے نہیں بلکہ بہترین پرفارمنس دینے پر ہی سپورٹ کروں گا۔