لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جانے سے انکار کرتے ہوئے فوری طور پر جیل بھجوانے پر اصرار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے جیل بھجوا دیا جائے، میں پہلے بھی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) جا چکا ہوں۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کو سروسز ہسپتال میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی سی کے ڈاکٹرز ادھر آ کر ہی ان کا معائنہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ آج سارا دن اس ایشو پر سیاست ہوتی رہی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ نواز شریف کو صحت دے جبکہ شریف فیملی سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس ایشو پر سیاست نہ کرے، نواز شریف اس وقت جیل میں ہیں اور قید ہیں، انہوں نے یہ فیصلہ نہیں کرنا کہ وہ کہاں جائیں گے؟