لندن: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں کی آہ و بقا اور سسکیوں کو آج برطانوی ہاؤس آف کامن کے اجلاس میں بھی سنا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم ناروے اور برطانوی پارلیمان نے خصوصی شرکت کی۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔
نہتے کشمیریوں کی سسکیاں آج اراکین برطانوی ہاؤس کامن نے بھی سنیں۔ کشمیر کانفرنس کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں سابق وزیراعظم ناروے اور برطانوی پارلیمان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ شرکا اجلاس نے کشمیریوں کی حالت زار پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مذمتی قرارداد منظور کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اجلاس میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے اقدامات کرے، مسئلہ حل نہ ہونے سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا، مسئلہ کشمیرکا حل نہ ہونا خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ پیلٹ گنز کے متاثرین کو فوری طبی امداد دی جائے۔