کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رات گئے بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے موسم کا مزہ کرکرا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادل برسے اور خوب برسے جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ ملیر، ایئرپورٹ، گلشن حدید، گلستان جوہر، نارتھ کراچی سمیت متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ رم جھم برستی رہی، سب سے زیادہ بارش ایئر پورٹ کے قریب 16.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے سبب شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم رہے جس کے باعث موسم کا مزہ کرکرا ہوگیا۔ ملیر، لانڈھی، کورنگی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اورنگی ٹاون، سرجانی سمیت بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے پھر کئی گھنٹوں بعد بجلی بحال کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہے گا اور چند ایک مقامات پر بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔