سندھ: پہلی ہندو خاتون جج

Last Updated On 29 January,2019 08:35 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ کے ضلع شہداد کوٹ سے تعلق رکھنے والی سُمن بودانی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جو سول جج کے عہدے پر تعینات ہوئی ہیں۔ انھوں نے جوڈیشل افسران کا امتحان پاس کیا اور میرٹ لسٹ میں 54 نمبر پر آئی ہیں، جس کے بعد انھیں سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔

شہداد کوٹ سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر واقع ایک پسماندہ شہر ہے۔ سُمن بودانی نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم آبائی شہر سے ہی حاصل کی، حیدرآباد سے ایل ایل بی کے بعد انہوں نے زیبسٹ یونیورسٹی کراچی سے ایل ایل ایم کیا۔ وہ کراچی میں نامور وکیل جسٹس ریٹائرڈ رشید رضوی کی لا فرم کے ساتھ منسلک رہیں اور ان کے ساتھ دو سال پریکٹس کی۔ سُمن بودانی کا قانون کے شعبے میں آنا والد کا فیصلہ اور خواہش بھی تھی۔ ان کے والد ڈاکٹر پون بودانی نے بتایا کہ حیدرآباد میں سندھ یونیورسٹی سے منسلک کالج میں پانچ سالہ قانون کی ڈگری کے پروگرام کا آغاز ہو رہا تھا، یہ اس کا پہلا سیشن تھا۔ انھیں شوق ہوا کہ یہ فیلڈ بہت اچھی ہے اور دل کی خواہش تھی کہ بچے غریبوں کو انصاف دلانے میں مددگار ثابت ہو سکیں اس لیے سُمن بودانی کو اس شعبے میں بھیج دیا۔

سُمن بودانی کا کہنا ہے کہ چونکہ ان کا تعلق دیہی علاقے سے ہے، وہاں کافی لوگوں کو مسائل کا شکار دیکھا جو عدالتی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے تھے۔ میں نے سوچا تھا کہ میں وکالت میں جاؤں گی اور انہیں انصاف دلاؤں گی۔ سُمن بودانی کے والد ڈاکٹر پون بودانی شہداد کوٹ میں آنکھوں کے امراض کا کلینک چلاتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 1991 میں انھوں نے کمیشن پاس کیا لیکن سرکاری ملازمت میں کم تنخواہ کے باعث پرائیویٹ پریکٹس کو ترجیح دی اور 1992 سے شہداد کوٹ میں ہی پریکٹس کر رہے ہیں۔ سُمن بودانی، ڈاکٹر پون کی اکلوتی اولاد نہیں جس نے والدین اور برادری کا نام روشن کیا، ڈاکٹر پون کے مطابق ان کی بڑی بیٹی سافٹ ویئر انجینئر ہیں، دوسری بیٹی جج بنی ہیں، تیسری عمان میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں جبکہ ایک بیٹا نجی یونیورسٹی میں آڈیٹر اور دو چھوٹے بیٹے کالج میں زیر تعلیم ہیں جو ڈاکٹر بننے کے خواہشمند ہیں۔

سندھ میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں زیادہ تر ڈاکٹر بننے یا تعلیم کے شعبے سے منسلک ہونے کو ترجیح دیتی ہیں اور عام عوامی رابطے والے شعبوں سے دور رہتی ہیں۔ سُمن بودانی کا کہنا ہے کہ انھیں معلوم ہے کہ ان کی برادری اس فیصلے کی حمایت نہیں کرے گی کیونکہ وہ اس شعبے میں لڑکیوں کے کام کرنے کو پسند نہیں کرتے، تاہم والد اور بہن بھائیوں کی مکمل مدد اور حمایت حاصل رہی حالانکہ اس بارے میں خاندان کو کئی باتیں بھی سننا پڑیں لیکن میرے خاندان نے ان باتوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مجھے اس مقام پر پہنچا دیا۔ سوشل میڈیا پر سُمن بودانی کے پروفائل کے مطابق وہ لتا منگیشکر اور عاطف اسلم کی مداح ہیں جبکہ ان کی پسندیدہ فلموں میں سرفہرست ’ویوواہ‘ اور ’دے ڈیولز ایڈووکیٹ‘ ہیں، اس کے علاوہ وہ شاعری پڑھنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔